ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 21مئی کو بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ طلب، انتخابی نتائج کے بعد ہر حال میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے لئے بی جے پی کا غور

21مئی کو بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ طلب، انتخابی نتائج کے بعد ہر حال میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے لئے بی جے پی کا غور

Sat, 18 May 2019 13:23:17    S.O. News Service

بنگلورو،18/مئی(ایس او نیوز) انتخابی نتائج کے فوراً بعد بڑے پیمانے پر سیاسی تبدیلیوں کی آس میں بی جے پی نے 21مئی کو بی جے پی لیجسلیچر پارٹی میٹنگ طلب کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں ریاست میں کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت میں پیدا شدہ انتشار کی کیفیت سے بی جے پی کس طرح فائدہ اٹھاسکتی ہے اس کا جائزہ لیا جائے گا اور یہ بھی طے کیا جائے گا کہ کسی بھی طرح اس بار ریاست کے اقتدار پر قبضے کی کوشش میں کامیابی حاصل کی جائے۔انتخابی عمل کی شروعات کے بعد بی جے پی لیجسلیچر پارٹی میٹنگ کا یہ پہلا موقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں یڈیورپا اپنے اراکین اسمبلی سے مخلوط حکومت کے قیام کے امکانات پر مشورہ کریں گے، یہ بھی کہاجارہا ہے کہ کانگریس اور جے ڈی ایس کے درمیان بڑھتی ہوئی دوریوں کے سبب جے ڈی ایس کے بعض حلقوں کے ساتھ بی جے پی ربط میں ہے، ریاست میں مخلوط حکومت کا گرنا ناگزیر ہوگیاتو اس امکان کو بھی مسترد نہیں کیاجاسکتا کہ بی جے پی جے ڈی ایس سے ہاتھ ملاکر ریاست کے اقتدار پر قبضہ کرلے۔ بتایاجارہا ہے کہ 21مئی کی میٹنگ میں یڈیورپا اسی امکان پر اپنی پارٹی کے اراکین اسمبلی سے مشورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ رمیش جارکی ہولی کی قیادت میں بعض کانگریس اراکین اسمبلی کے استعفوں کی تیاری بھی کی جارہی ہیں۔ کہاجارہا ہے کہ آپریشن کمل کو آگے بڑھانے میں لگے بی جے پی قائدین کو ہدایت دی گئی ہے کہ کم از کم دس کانگریس اراکین اسمبلی کا استعفیٰ یقینی بنایا جائے تاکہ ریاست میں بی جے پی کو متبادل حکومت قائم کرنے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے، اگر آپریشن کمل کامیاب نہیں ہوا تو ایک الگ ٹیم کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ کمار سوامی سے ممکنہ اتحاد پر تبادلہئ خیال کیا جائے۔ یہ بھی کہاجارہا ہے کہ انتخابی نتائج کے فوراً بعد بی جے پی اپنے تمام اراکین اسمبلی کو کسی ریسارٹ میں مقیم رکھنے کی تیاری میں ہے۔


Share: